
(لاہور نیوز) پنجاب اسمبلی میں معطل اپوزیشن ارکان کے خلاف مزید کارروائیاں مذاکرات کا نتیجہ آنے تک روک دی گئیں۔
حکومتی ذرائع کے مطابق حکومتی اتحاد اور اپوزیشن کے مذاکرات نتیجہ خیز ہونے تک سپیکر نے مزید کارروائیاں نہ کرنے کی ہدایت کردی، اپوزیشن کے 19 معطل ارکان کے خلاف اسمبلی سیکرٹریٹ نے مزید کارروائی کرنا تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ 10 معطل ارکان سے توڑ پھوڑ کرنے پر جرمانہ وصولی روک دی گئی ہے، معطل دس ارکان کو جرمانوں کا دوسرانوٹس بھی جاری نہ ہوسکا، تنخواہوں سے جرمانے کی رقم کاٹنے کا عمل بھی روک دیا گیا، معطل ارکان پر ایوان میں توڑ پھوڑ کے الزام میں 20 لاکھ سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔
بتایا گیا ہے کہ اپوزیشن کے مزید 9 چیئرمین تحریک عدم اعتماد کے ذریعے عہدوں سے ہٹانے کی تحریک بھی روک دی گئی، حکومتی ارکان کی تحریک عدم اعتماد کے ذریعے اپوزیشن کے 4 چیئرمین عہدوں سے پہلے ہٹائے جا چکے ہیں۔
واضح رہے کہ حکومت نے اپوزیشن کے 13 ارکان کو قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمین کے عہدوں سے ہٹانے کا فیصلہ کیا تھا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان برطانیہ روانہ
علاوہ ازیں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان برطانیہ روانہ ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق ملک احمد خان نے بیرون روانگی سے قبل اپوزیشن سے مذاکرات کئے۔ ملک احمد خان نے وطن واپسی تک حکومت اور اپوزیشن کو ملکر معاملات حل کرنے کی ہدایت کی۔
ڈپٹی سپیکر ظہیر اقبال چنڑ کو قائم مقام سپیکر پنجاب اسمبلی بنا دیا گیا ہے۔