
(لاہور نیوز) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے صبح سویرے شہر کی مختلف تحصیلوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے انتظامی امور اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
تحصیل نشتر کے دورے کے دوران چیف آفیسر ایم سی ایل شاہد عباس کاٹھیا، اسسٹنٹ کمشنر نشتر محمد سلیم آسی، ایل ڈبلیو ایم سی، واسا اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے کماہاں گول چکر، فیروزپور روڈ اور ملحقہ علاقوں کا معائنہ کیا، اے سی نشتر نے انہیں علاقے کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے واسا اور ایل ڈبلیو ایم سی کو ہدایت کی کہ صفائی اور نکاسی آب کے نظام کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ لاہور کو صاف ستھرا بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور معمولاتِ زندگی کے آغاز سے قبل صفائی کے انتظامات ہر صورت مکمل کئے جائیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ نکاسی آب، سیوریج کے مسائل اور تجاوزات کے خاتمے میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، شہر بھر سے غیر قانونی بینرز، پوسٹرز اور تجاوزات کے فوری خاتمے کی بھی ہدایت جاری کی گئی۔