(لاہور نیوز) لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2024 کے نتائج کی تیاری کے پیش نظر تمام افسران اور ملازمین کی چھٹیاں فوری طور پر منسوخ کر دی ہیں۔
کنٹرولر امتحانات کے مطابق امتحانی شعبے سے وابستہ تمام افسران اور ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کی گئی ہیں تاکہ نتائج کی بروقت اور شفاف تیاری کو یقینی بنایا جا سکے۔
سیکرٹری سٹاف کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نتائج سے متعلق عملے کو ہر صورت ڈیوٹی پر حاضر رکھیں۔
بورڈ ذرائع کے مطابق چھٹیاں منسوخ کئے جانے کی بنیادی وجہ 24 جولائی کو میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان ہے، حکام کا کہنا ہے کہ نتائج کی تیاری کے اس اہم مرحلے پر کسی قسم کی کوتاہی یا تاخیر کی گنجائش نہیں دی جائے گی۔
اس فیصلے کا مقصد طلبہ کو وقت پر نتائج فراہم کرنا اور آئندہ تعلیمی مراحل کے لئے ان کی راہ ہموار کرنا ہے۔
