
(لاہور نیوز) لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے کئی نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سپیل 17 جولائی تک برقرار رہے گا، آج بھی ملک کے مختلف شہروں میں کہیں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے اور کہیں پھوار پڑے گی۔
لاہور میں وقفے وقفے سے کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش برسنے کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث حبس کی شدت میں کمی آئی ہے، کم سے کم درجہ حرارت 27 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
لاہور کے علاقے گلبرگ، کلمہ چوک، ماڈل ٹاؤن، گڑھی شاہو، ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، مال روڈ ، جیل روڈ اور شمالی لاہور میں بارش سے فیڈرز ٹرپ کر گئے اور بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
لاہور میں سب سے زیادہ بارش گارڈن ٹاؤن میں 35 ملی میٹر ریکارڈ، جیل روڈ پر 21.9، ایئرپورٹ پر 5 ، گلبرگ میں 20 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، لکشمی چوک میں 24 ، اپرمال میں 12، مغلپورہ میں 16 ملی میٹر بارش ریکارڈ، تاجپورہ میں 14، نشتر ٹاؤن میں 35، چوک ناخدا میں 19، پانی والا تالاب میں 20، فرخ آباد میں 15 ملی میٹر بارش ریکارڈ ، گلشن راوی میں 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
اس کے علاوہ اقبال ٹاؤن میں 21، سمن آباد میں 11 ملی میٹر بارش ریکارڈ، جوہر ٹاؤن میں 10، قرطبہ چوک میں 19 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، شہر لاہور میں اوسطاً 17.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا شہر کا ہنگامی دورہ، صورتحال کا جائزہ لیا
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بارش کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے شہر کا ہنگامی دورہ کیا اور انتظامیہ کو پانی کی نکاسی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی، انہوں نے صفائی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔