(لاہور نیوز) بادامی باغ پولیس نے ایمانداری اور پیشہ ورانہ مہارت کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے شہری کی تین لاکھ سے زائد کی گمشدہ رقم بحفاظت واپس لوٹا دی۔
تفصیلات کے مطابق شہری محسن نواز نے پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی کہ وہ ایک آن لائن ٹیکسی سروس کے ذریعے سفر کر رہے تھے اور سفر کے اختتام پر غلطی سے 3 لاکھ 17 ہزار روپے گاڑی میں چھوڑ دیئے، رقم واپس نہ ملنے پر پولیس سے رابطہ کیا۔
بادامی باغ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آن لائن ایپ کے ذریعے ڈرائیور سے رابطہ کیا اور سیف سٹی کیمروں کی مدد سے گاڑی کی لوکیشن ٹریس کی، چند گھنٹوں میں ڈرائیور کو نشتر کے علاقے سے تلاش کر لیا گیا اور رقم بحفاظت شہری کے حوالے کر دی گئی۔
ایس پی سٹی نے اس کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ شہری کی مدد کرنا پولیس کا فرض ہے، خوشی ہے کہ ہماری ٹیم نے ایمانداری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کیا۔
شہری محسن نواز نے پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی کوششوں کو سراہا۔
