11 Jul 2025
(ویب ڈیسک) ایک سے زائد سنگل میٹر رکھنے والے صارفین کے خلاف کارروائی کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا۔
اس سلسلے میں پاور پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ کمپنی نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے تمام تقسیم کار کمپنیوں سے میٹرز کا تفصیلی ریکارڈ طلب کر لیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق لیسکو سمیت ملک بھر کی تمام ڈسکوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 14 جولائی تک صارفین کے میٹرز کی تعداد اور تفصیلات جمع کر کے کمپنی کو فراہم کریں، یہ اقدام میٹرز کی غیر قانونی تنصیب اور بجلی سبسڈی کے غلط استعمال کی روک تھام کیلئے کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ریکارڈ کی چھان بین سے یہ پتہ چلایا جائے گا کہ کن صارفین نے پروٹیکٹڈ کیٹیگری میں آنے کے لئے اضافی میٹرز لگوا رکھے ہیں، ایسے کیسز کی نشاندہی ہونے پر نیپرا قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
