
(ویب ڈیسک) حکومت پنجاب نے وزیراعلیٰ راشن کارڈ سکیم کو "ستھرا پنجاب" پروگرام کے صفائی ورکرز تک وسعت دینے کا فیصلہ کر لیا۔
یہ فیصلہ وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ اہم اجلاس میں کیا گیا، اجلاس میں سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں، ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، صوبائی وزیر نے ورکرز کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر بلدیات ذیشان رفیق کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صفائی عملے کی بہبود کے لئے باقاعدہ میکانزم تیار کرنے کی ہدایت کی ہے، انہوں نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز کو ہدایت کی کہ راشن کارڈ کے اجرا کے لئے اہل ورکرز کی فہرستیں جلد از جلد فراہم کی جائیں، راشن کارڈ کی سہولت صرف ان ملازمین کو دی جائے گی جو مقررہ اہلیت پر پورا اتریں گے۔
اس موقع پر وزیر بلدیات نے مئی 2025 سے ملازمین کی حاضری کا باقاعدہ ریکارڈ مرتب کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔
سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں نے کہا کہ ورکرز کی فہرستیں مکمل ہوتے ہی راشن کارڈز کا اجرا شروع کر دیا جائے گا۔