
(لاہور نیوز) پنجاب میں رواں سال مون سون بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 39 افراد جاں بحق جبکہ 103 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی تفصیلات پر مبنی فیکٹ شیٹ جاری کر دی۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق اب تک کی بارشوں میں 47 مکانات کو بھی جزوی یا مکمل نقصان پہنچا ہے، ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ متاثرہ اور سوگوار خاندانوں کی مالی معاونت کی جائے گی تاکہ وہ اپنے نقصانات کا ازالہ کر سکیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون کا تیسرا سپیل 17 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے دوران مزید بارشیں متوقع ہیں، ادارے نے لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے اور شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
مزید برآں، ممکنہ سیلابی خطرات کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم کی صورت حال سے باخبر رہیں، نچلے علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ہنگامی صورت حال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔