
(لاہور نیوز) موٹروے ایم-2 پر موٹرسائیکل لے جانے والے شہری کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے موٹروے پولیس نے مقدمہ درج کر لیا، جبکہ ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹرسائیکل سوار ٹھوکر نیاز بیگ لاہور سے موٹروے پر چڑھ کر شیرا کوٹ کی جانب جانے کی کوشش کر رہا تھا، پٹرولنگ ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے موٹرسائیکل کو روکا اور شہری کو حراست میں لے لیا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ موٹروے پر موٹرسائیکل چلانا نہایت خطرناک اور مکمل طور پر غیر قانونی عمل ہے، اس طرح کی خلاف ورزی نہ صرف قانون شکنی ہے بلکہ خود سوار اور دیگر مسافروں کی زندگیوں کے لئے بھی شدید خطرہ بن سکتی ہے۔
موٹروے پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ موٹروے کے قواعد و ضوابط کی مکمل پاسداری کریں اور غیر قانونی طور پر داخل ہونے سے گریز کریں، بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔