سپیکر پنجاب اسمبلی نے معطل ارکان کیخلاف نااہلی ریفرنسز پر کارروائی شروع کر دی

(لاہور نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے 26 معطل ارکان اسمبلی کے خلاف نااہلی ریفرنسز پر کارروائی شروع کر دی۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے معطل 26 ارکان اسمبلی کے خلاف نااہلی ریفرنسز پر قانونی اور شفاف کارروائی کا آغاز کر دیا، یہ ریفرنسز آرٹیکل 63(2) اور 113 کے تحت سپیکر کو موصول ہوئے۔
سپیکر نے معطل ارکان کو ذاتی سماعت کا موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ آئینی عملداری اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے، یہ سماعت 11 جولائی کو صبح 11 بجے سپیکر چیمبر میں ہو گی جہاں تمام ارکان کو آرٹیکل 10A کے تحت مکمل دفاع کا حق دیا جائے گا۔
سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ وہ آئین کے تحت 30 دن کے اندر نااہلی ریفرنسز پر فیصلہ کرنے کے پابند ہیں اور تمام قانونی تقاضے پورے کئے جائیں گے۔
یہ اقدام پنجاب اسمبلی میں آئینی عملداری اور قانون کی حکمرانی کو مضبوط کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔