وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا بارشوں کے پیش نظر پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں جاری موسلادھار بارشوں اور ممکنہ اربن فلڈنگ کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو فوری اور مؤثر اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ انتظامی افسران اور اداروں کو حکم دیا ہے کہ ہر شہر کی مرکزی اور اندرونی سڑکوں کو جلد از جلد بارشی پانی سے کلیئر کیا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی بحال رکھی جا سکے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
نشیبی علاقوں میں جمع ہونے والے بارشی پانی کی نکاسی کے لئے کاوشیں تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، انہوں نے خصوصی طور پر واسا حکام کو فیلڈ میں خود موجود رہنے اور نکاسی آب کے عمل کی براہ راست نگرانی کرنے کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پی ڈی ایم اے کے وضع کردہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے انتظامی افسران کو ہدایت دی کہ نکاسی آب کے تمام عمل کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری ردعمل دیا جائے۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ بارش کے دوران کسی بھی قسم کی لاپرواہی ناقابل برداشت ہو گی۔
واضح رہے کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں سے جاری موسلادھار بارش کے باعث معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں، جب کہ کئی مقامات پر اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔