پنجاب حکومت کا ٹریفک کی روانی کیلئے شاندار اقدام، دو میگا پراجیکٹس کا افتتاح

(لاہور نیوز) راولپنڈی شہر میں ٹریفک کی روانی کیلئے شاندار اقدام، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر دونوں میگا پراجیکٹ اعلیٰ تعمیرات کے معیار کے ساتھ ریکارڈ مدت میں مکمل کردیے گئے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے راولپنڈی میں 8 ارب 77 کروڑ روپے کے میگا پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا، اس کے علاوہ اڈیالہ روڈ نواز شریف فلائی اوور اور مال روڈ جی پی او چوک کے انڈر پاس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔
وزیر اعلی مریم نواز کی آمد پر عوام نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور اُن کے حق میں نعرے لگائے، اس موقع پر وزیراعلی مریم نواز نے ہاتھ ہلا کر عوام کے نعروں کا جواب دیا۔
صوبائی وزیر سی اینڈ ڈبلیو ملک صہیب بھرت اور سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سہیل اشرف نے پراجیکٹس پر بریفننگ دیمؤ، ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں 607 کلومیٹر طویل 67 روڈز کے پراجیکٹس، 51 روڈز پراجیکٹ پایہ تکمیل کو پہنچ چکے ہیں ۔ نواز شریف فلائی اوور اور جی پی او انڈر پا س سے تقریبا 3 لاکھ گاڑیاں گزریں گی۔
بریفننگ میں بتایا گیا کہ اڈیالہ روڈ پر کچہری چوک سے شروع ہونے والے نواز شریف فلائی اوور سے جی ٹی روڈ رنگ روڈ اور چکری انٹر چینج موٹروے سے گزرنے ٹریفک مستفید ہوگی۔ عوام کو نواز شریف انٹر چینج پر سفر کرنے سے ایک گھنٹے سے زائد وقت اور لاکھوں کے پٹرول وغیرہ کی بچت ہو گی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ عوام کی سہولت کے لئے بننے والے تمام ترقیاتی منصوبے ترجیح ہیں، کچہری روڈ اور مال روڈ کی ری ماڈلنگ بھی کی جائے گی، انڈر پاس اور فلائی اوور بننے سے راولپنڈی کے عوام کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گی۔