چیف سیکرٹری پنجاب شہر کا مختلف علاقوں کا دورہ، بارشی پانی کے نکاس کا جائزہ
(لاہور نیوز) چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے بارشی پانی کے نکاس کا جائزہ لینے کیلئے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔
چیف سیکرٹری نے لکشمی چوک، قذافی سٹیڈیم ، لبرٹی چوک مون سون ایمرجنسی ریلیف کیمپ ، گارڈن ٹاؤن دورے کے دوران نکاسی آب آپریشن مزید تیز کرنے اور موثر انداز میں جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
چیف سیکرٹری نے تمام نشیبی علاقوں کو فی الفور کلیئر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بارش کے دوران اور بعد میں فیلڈ افسران خود موقع پر موجود رہیں، تمام جلوس روٹس اور امام بارگاہوں کے ملحقہ علاقوں کو کلیئر رکھیں ، تمام مشینری اور فیلڈ سٹاف الرٹ رہے، کسی بھی مقام پر پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے،تمام ڈسپوزل سٹیشنز مکمل فعال رکھے جائیں اور ان کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے۔
زاہد اختر زمان نے مون سون کنٹرول روم کا دورہ بھی کیا۔ ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا، ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید اور ایم ڈی واسا غفران احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ایم ڈی واسا غفران احمد نے شہر بھر میں جاری نکاسی آب آپریشن کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
