محرم الحرام پر کنٹرول رومز سے جلوسوں، مجالس کی نگرانی جاری ہے، بلال صدیق کمیانہ

(لاہور نیوز) سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ محرم الحرام پر کنٹرول رومز سے جلوسوں اور مجالس کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔
صوبائی دارالحکومت میں نویں محرم الحرام کے موقع پر مجالس عزا اور جلوسوں کا سلسلہ روایتی عقیدت و احترام کے ساتھ جاری ہے، جبکہ سکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے بتایا ہے کہ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے دوران دفعہ 144 کے نفاذ پر سختی سے عملدرآمد کروایا جا رہا ہے، جلوسوں کے اوقات کار اور مقررہ روٹس کی مکمل پابندی یقینی بنائی جائے گی تاکہ کسی بھی قسم کی بد نظمی سے بچا جا سکے۔
سکیورٹی کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور دیگر جدید آلات کے ذریعے سکیورٹی کو فول پروف بنایا گیا ہے، اس کے علاوہ شہر بھر میں قائم کنٹرول رومز سے جلوسوں اور مجالس کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔
پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے ہائی الرٹ پر ہیں، جبکہ حساس علاقوں میں اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے، شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔