صنعتی مزدور اتحاد اور ڈبلیو ایف ٹی یو کے زیرِ اہتمام اجلاس، مزدوروں کے مسائل پر غور

(لاہور نیوز) صنعتی مزدور اتحاد اور عالمی فیڈریشن آف ٹریڈ یونینز کے اشتراک سے لاہور میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک بھر سے مختلف صنعتوں سے وابستہ مزدور تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس میں مزدور رہنماؤں نے ملکی صنعتی اداروں میں محنت کشوں کو درپیش مسائل، لیبر قوانین کی خلاف ورزیوں اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
رہنماؤں نے کہا کہ موجودہ معاشی بحران کے باعث مزدور طبقہ بدترین حالات سے گزر رہا ہے، لیکن اس کے باوجود صنعتی ادارے ان کے حقوق پامال کر رہے ہیں، نہ صرف اجرتیں مہنگائی کے تناسب سے انتہائی کم ہیں بلکہ طبی سہولیات، سوشل سکیورٹی اور دیگر بنیادی حقوق بھی محنت کشوں سے چھینے جا رہے ہیں۔
اجلاس کے دوران مزدور تنظیموں نے حکومت کے سامنے چھ نکاتی مطالباتی چارٹر پیش کیا جس میں مزدوروں کی اجرتوں میں فوری اضافے، تین سو یونٹس تک بجلی پر ریلیف جیسے اہم نکات شامل تھے۔
مقررین نے حکومت پر زور دیا کہ وہ مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے فوری اور عملی اقدامات کرے، انہوں نے کہا کہ سرمایہ دارانہ پالیسیوں کے باعث محنت کشوں کا استحصال بڑھتا جا رہا ہے اور اگر حکومت نے ان کے مطالبات پر عملدرآمد نہ کیا تو ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔