(لاہور نیوز) پنجاب پولیس کی جانب سے محرم الحرام کو پر امن بنانے کیلئے سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد کی تشہیر کرنے پر گرفتاریاں اور مقدمات کا سلسلہ روزانہ کی بنیاد پر شروع کر دیا گیا ہے۔
پنجاب پولیس محرم الحرام کو پرامن اور محفوظ بنانے کیلئے کوشاں ہے، سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد کی تشہیر کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا، 24 گھنٹےمیں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر قابل اعتراض مواد اپلوڈکرنے کے 26 واقعات رپورٹ ہوئے۔
سوشل میڈیاپرقابل اعتراض مواد شیئر کرنے پر 20 مقدمات درج ہوئے جس میں 24 ملزمان کو حراست میں لیا گیا ہے، ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق فیس بک پر قابل اعتراض مواد اپلوڈ کرنے کے 17واقعات، وٹس ایپ 3 اور 6 واقعات دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر رپورٹ ہوئے۔
یاد رہے کہ 4 روز میں سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد شیئر کرنے پر 72 مقدمات درج ہوئے جس میں کل 83 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
