(لاہور نیوز) آئی ایم ایف کی شرائط کے تحت وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر نئی کلائمیٹ سپورٹ لیوی نافذ کر دی۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے پٹرول اور ڈیزل پر پہلے سے عائد پٹرولیم لیوی میں کمی کر کے اس میں نئی کلائمیٹ لیوی کو ایڈجسٹ کیا ہے، اس اقدام کا مقصد آئی ایم ایف سے ماحولیاتی مالیاتی شرائط پوری کرنا ہے، جس کی روشنی میں پاکستان کو کلائمیٹ فنانسنگ کی سہولتیں دی جانی ہیں۔
پٹرول پر کاربن لیوی ایڈجسٹمنٹ کے تحت پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کو کم کر کے 75 روپے 52 پیسے فی لٹر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ اس سے قبل یہ 78 روپے فی لٹر وصول کی جا رہی تھی، اسی طرح ہائی سپیڈ ڈیزل پر پی ڈی لیوی کی نئی شرح 74 روپے 51 پیسے فی لٹر رکھی گئی ہے، جو کہ اس سے پہلے 78 روپے فی لٹر تھی۔
اس کے علاوہ مٹی کے تیل پر بھی نئی کلائمیٹ سپورٹ لیوی کے تحت 2 روپے 50 پیسے فی لٹر کا نیا ٹیکس عائد کیا گیا ہے، جو عوام کیلئے ایندھن کی قیمتوں میں مزید اضافہ کرے گا۔
