(لاہور نیوز) برائلر گوشت کی قیمتوں میں اُتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
تازہ ترین رپورٹ کے مطابق مرغی کا گوشت 14 روپے فی کلو سستا ہو کر 432 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے، جبکہ زندہ برائلر کا ہول سیل ریٹ 284 روپے اور پرچون ریٹ 298 روپے فی کلو طے پایا ہے۔
دوسری جانب انڈوں کی قیمت میں معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، ایک روپیہ فی درجن مہنگے ہو کر انڈے 245 روپے فی درجن فروخت ہو رہے ہیں، جبکہ فارمی انڈوں کی ایک پیٹی 7 ہزار 230 روپے میں دستیاب ہے۔
دوسری طرف مہنگائی کا جن مکمل طور پر بے قابو ہوتا جا رہا ہے، سبزیاں اور پھل عوام کی پہنچ سے باہر ہوتے جا رہے ہیں اور دکاندار من مانے نرخوں پر اشیا فروخت کر رہے ہیں۔
ادرک 600 روپے، لیموں 400، لہسن 350، ٹماٹر 90 اور پیاز 70 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کئے جا رہے ہیں، جبکہ دیگر سبزیوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، ٹینڈے 240، بھنڈی اور گوبھی 180، بینگن 120 اور آلو 110 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہے ہیں۔
پھلوں کی قیمتیں بھی ہوشربا سطح پر پہنچ چکی ہیں، سیب 600، جامن 420، آڑو 350 اور آم 300 روپے فی کلو میں دستیاب ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے دعوے صرف زبانی کلامی ہیں، جبکہ عملی طور پر کوئی ریلیف نہیں دیا جا رہا۔
عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر مہنگائی پر قابو پانے کے لئے مؤثر اقدامات کرے تاکہ روزمرہ زندگی آسان ہو سکے۔
