(لاہور نیوز) ملک میں جاری مہنگائی کی لہر نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا، روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
برائلر گوشت کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، قیمت میں سات روپے فی کلو اضافے کے بعد اب یہ 446 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہو رہا ہے، جس نے متوسط طبقے کو سخت پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔
گوشت کے دکانداروں کا کہنا ہے کہ فیڈ، ٹرانسپورٹ اور دیگر لاگت میں اضافے کی وجہ سے قیمتوں میں کمی ممکن نظر نہیں آ رہی۔
اسی طرح انڈے کی قیمتیں بھی عوام کی برداشت سے باہر ہو چکی ہیں، فارمی انڈے فی درجن 244 روپے کی سطح پر برقرار ہیں، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں انڈوں کی پیٹی 7,200 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
ادھر سبزیاں اور پھل بھی عام آدمی کی دسترس سے دور ہو چکے ہیں، شہر کی مختلف مارکیٹوں میں آلو، پیاز، اروی، بھنڈی اور شملہ مرچ کی قیمتیں گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں کئی گنا بڑھ گئی ہیں۔
اروی 180 روپے فی کلو، بھنڈی 160 روپے، جبکہ شملہ مرچ 150 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے، پھلوں کی بات کی جائے تو سیب 600 روپے، پپیتا 500 روپے اور آڑو 350 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہے ہیں۔
