(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں روڈز اور بلڈنگز کے پراجیکٹ پر پیشرفت کی رپورٹ پیش کی گئی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کئی دہائیوں کے بعد پنجاب میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت پر توجہ دی جا رہی ہے اور عوام اس پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں، جو سڑکیں گزشتہ 30 سال سے نہیں بن سکیں، وہ اب تعمیر ہونا شروع ہو چکی ہیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں 255 ارب روپے کی لاگت سے سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے 313 بڑے منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں، جن کے تحت 18,700 کلومیٹر طویل 1,471 سڑکوں کی تعمیر، توسیع اور مرمت کا تاریخی پراجیکٹ رواں سال دسمبر تک مکمل کیا جائے گا، اب تک 12,000 کلومیٹر پر مشتمل 1,214 سڑکوں کی تعمیر مکمل کی جا چکی ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ جدید مشینری کے ذریعے تعمیراتی معیار کو یقینی بنایا جا رہا ہے، اور روایتی ٹھیکیداری نظام کی بجائے ڈیجیٹل ٹال سسٹم متعارف کرانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے تاکہ شفافیت اور کارکردگی کو فروغ دیا جا سکے۔
اجلاس میں قائداعظم انٹرچینج تا واہگہ ٹورازم کوریڈور، پنڈی اڈیالہ روڈ اوور ہیڈ برج، جی پی او مال انڈر پاس، اور کرتارپور کوریڈور جیسے اہم پراجیکٹس کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے سی اینڈ ڈبلیو ٹیم، خاص طور پر صوبائی وزیر صہیب بھرتھ اور سیکرٹری سہیل اشرف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور یہی ٹیم ورک ترقی کا ضامن ہے۔
انہوں نے ہدایت جاری کی کہ تمام جاری منصوبے رواں مالی سال میں مکمل کئے جائیں تاکہ عوام کو جلد از جلد سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
