(لاہور نیوز) چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے مون سون بارشوں کے دوران ممکنہ اربن فلڈنگ کے خطرے سے نمٹنے کیلئے متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔
چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز کا ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام ڈویژنل کمشنرز اور ضلعی انتظامیہ نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ اربن فلڈنگ سے بچاؤ کیلئے ڈرینز اور سیوریج لائنز کی باقاعدگی سے صفائی انتہائی ضروری ہے، تمام ڈی واٹرنگ پمپس اور مشینری کو مکمل فعال رکھا جائے اور نشیبی علاقوں سے بروقت نکاسی آب کو یقینی بنایا جائے۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق شہروں کو خوبصورت اور جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے بیوٹیفیکیشن پلان پر عملدرآمد جاری ہے۔
اجلاس میں بازاروں اور مرکزی شاہراہوں کی اپ لفٹنگ سمیت شہری سہولیات کی بہتری پر بھی غور کیا گیا، سیکرٹری بلدیات، ڈی جی ایل ڈی اے اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
