(لاہور نیوز) پنجاب اسمبلی میں حکومتی پارٹی کے رکن کی گھڑی چوری ہو گئی جبکہ حکومتی پارٹی کے رکن کی یہ گھڑی پی ٹی آئی کے ایک رکن کے ساتھ ہاتھا پائی کے دوران چوری ہوئی۔
اطلاعات کے مطابق آج شام پنجاب اسمبلی میں بجٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن پی ٹی آئی کے ایک رکن چودھری اعجاز شفیع اور حکومتی پارٹی کے رکن اسمبلی بلال یامین کے درمیان ہاتھا پائی ہو گئی، حکومتی رکن بلال یامین اور اپوزیشن کے رکن اعجاز شفیع کے درمیان بجٹ تقریر کے دوران پہلے تلخ کلامی ہوئی اور پھر نوبت ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔
بجٹ تقریر کے دوران جب پی ٹی آئی کے رکن اعجاز شفیع نے وزیر اعلی مریم نواز کی جانب بڑھنے کی کوشش کی حکومتی اراکین نے انہیں روکنے کی کوشش کی، پی ٹی آئی کے رکن اعجاز شفیع نے پہلے سخت جملوں کا استعمال کیا اور بعد ازاں دھکم پیل کی اور ہاتھا پائی کی صورتحال پیدا ہو گئی،اس ہاتھا پائی کےدوران رکن اسمبلی بلال یامین کی قیمتی رولیکس گھڑی چوری ہو گئی۔
بلال یامین واقعے کا نوٹس لینے کے لیے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کو تحریری طور پر درخواست دے دی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات کی جائیں، محمد بلال یامین 2024 کے عام انتخابات میں حلقہ پی پی 6 مری سے پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار کے طور پر پنجاب کی صوبائی اسمبلی کے لیے منتخب ہوئے تھے۔
