16 Jun 2025
(لاہور نیوز) ضلعی انتظامیہ اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق گلشن راوی، شادمان، فیروزپور روڈ، پیکو روڈ، ٹاؤن شپ اور کالج روڈ سمیت اہم تجارتی علاقوں میں تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی گئیں۔
آپریشن کے دوران 28 ٹرک سامان ضبط کیا گیا جبکہ 128 دکانیں سیل کی گئیں۔
میٹروپولیٹن آفیسر کاشف جلیل نے بتایا کہ انسداد تجاوزات مہم کا مقصد شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور سڑکوں، فٹ پاتھوں کو عوام کے لئے قابل استعمال بنانا ہے۔
چیف آفیسر کے مطابق میگا آپریشنز کی نگرانی خود ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کر رہے ہیں جن کا کہنا ہے کہ لاہور کو تجاوزات سے پاک اور خوبصورت شہر بنانے تک بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی۔
