(لاہور نیوز) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے کے بعد پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کا امکان ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کے بعد جمعہ کے روز عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں پانچ ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔
برینٹ کروڈ فیوچرز کی قیمت 4.60 ڈالر (6.63 فیصد) اضافے کے بعد 73.96 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی جبکہ دن کے دوران اس کی بلند ترین سطح 78.50 ڈالر ریکارڈ کی گئی، جو 27 جنوری کے بعد سب سے زیادہ ہے۔
عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اس اضافے کے باعث پاکستان میں بھی 16 جون سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 10 روپے فی لٹر یا اس سے زیادہ کا اضافہ متوقع ہے۔
اس کے علاوہ حکومت نے نئے مالی سال کے بجٹ میں یکم جولائی سے فی لٹر 2.5 روپے کاربن لیوی اور دیگر ٹیکسز عائد کرنے کا اعلان بھی کیا ہے، جس سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
