(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے آئندہ بجٹ میں ریسکیو 1122کیلئے نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ آئندہ بجٹ میں نئی گاڑیاں خریدی جائیں گی،اس حوالے سے پارلیمانی سیکرٹری برائے ایمرجنسی سروسز ضیااللہ شاہ کا کہنا تھا کہ جتنے فنڈ کی ڈیمانڈ کی گئی اتنا ہی مریم نواز نے ہمیں دیا۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے ریسکیو 1122 پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی پہلی ترجیح ہے کہ ریسکیو 1122 کے ذریعے عوام کی خدمت کی جائے، ایئر ایمبولینس 1122 پر بات ہوتی رہی لیکن چھ ماہ میں مریم نواز نے ریسکیو کو بہترین کیا۔
انہوں نے کہا کہ ساری گاڑیاں خراب نہیں کچھ گاڑیوں کی مرمت ہو رہی ہے تاہم کچھ نئی گاڑیاں آئندہ بجٹ میں لائیں گے، موٹروے پر نئے پوائنٹ پر ٹراما سنٹرز بنائے جائیں گے، ٹراما سنٹر سے ریسکیو کی گاڑیوں کے ذریعے لوگوں کو ہسپتال تک لے جایا جائے گا۔
عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا مریم نواز ریسکیو ہر شہر میں لانا چاہتی ہیں، تمام شہروں میں ریسکیو 1122 کی سہولت میسر کریں گے، دوسری جانب وزیر قانون صہیب بھرتھ کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب میں بھی ریسکیو 1122 کی سروسز شروع کریں گے۔
