(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شاہ پور کانجراں میں ملک کی سب بڑی ماڈل کیٹل مارکیٹ کا افتتاح کر دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے شاہ پور کانجراں ماڈل کیٹل مارکیٹ کا دورہ کیا، وزیراعلیٰ نے ماڈل کیٹل مارکیٹ میں دستیاب سہولتوں کا جائزہ لیا، انہوں نے ماڈل کیٹل مارکیٹ پراجیکٹ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر شیلڈیں بھی دیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو ماڈل کیٹل مارکیٹ پراجیکٹ پر بریفنگ دی گئی، سی ای او تاثر احمد نے بتایا کہ لاہور مویشی منڈی شاہ پور کانجراں کی بولی میں رواں سال کروڑوں روپے کا نقصان بھی ہوا، لاہور مویشی منڈی کا سالانہ ٹھیکہ گزشتہ سال کی نسبت کم ہو گیا، لاہور مویشی منڈی شاہ پور کانجراں کے ٹھیکے میں 49 کروڑ روپے کا نقصان ہوا، گزشتہ سال 1 ارب 99 کروڑ جبکہ اس سال ٹھیکہ کم ہو کر 1 ارب 50 کروڑ روپے میں دیا گیا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور کی شاہ پور کانجراں ماڈل کیٹل مارکیٹ میں 25 ہزار بڑے جانور اور ڈیڑھ لاکھ چھوٹے جانور کی گنجائش ہو گی، 74 ایکڑ رقبے پر قائم ماڈل کیٹل مارکیٹ میں مویشیوں کے لئے 20 بڑے شیڈ بنائے گئے ہیں، پہلی مرتبہ جانوروں کے شیڈ میں پنکھے بھی لگائے گئے ہیں، شاہ پور کانجراں ماڈل کیٹل مارکیٹ میں مویشیوں کو وبائی امراض سے بچانے کے لئے قرنطینہ سینٹر بھی بنایا گیا، مویشیوں کے بیوپاریوں کے لئے 20 بڑے رہائشی کمرے بھی بنائے گئے ہیں۔
بریفنگ کے مطابق شاہ پور کانجراں ماڈل کیٹل مارکیٹ میں مسجد، واش روم، ویٹرنری کلینک، ٹک شاپ، بنک اور اے ٹی ایم بھی ہو گی، مویشیوں کی نقل و حمل میں آسانی کے لئے لوڈنگ، ان لوڈنگ بے اور ٹرک سینٹر بھی موجود ہیں، ماڈل کیٹل مارکیٹ میں وسیع پارکنگ، پولیس چوکی اور وسیع اوپن ایریا بھی موجود ہے، ماڈل کیٹل مارکیٹ میں اکشن بے بھی قائم کیا گیا ہے اور جدید ترین سلاٹر ہاؤس بھی موجود ہے، پنجاب کی دوسری بڑی ماڈل کیٹل مارکیٹ جھنگ میں بنائی جائے گی۔
