(لاہور نیوز) ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے غریب آباد کے علاقے میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی کولڈ ڈرنکس تیار کرنے والا یونٹ بند کر دیا، کارروائی کے دوران چھ ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق چھاپے کے دوران 3600 لیٹر جعلی کولڈ ڈرنکس، 15 ہزار جعلی ڈھکن، 80 لیٹر فلیور محلول اور بڑی مقدار میں پیکنگ میٹریل ضبط کر کے موقع پر تلف کر دیا گیا۔
کارروائی کے دوران سپلائی کی گاڑی، فلنگ مشینیں، 9 گیس سلنڈر، ڈرم، کولر، برتن اور دیگر سامان بھی ضبط کیا گیا، ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق موقع پر کیے گئے لیبارٹری ٹیسٹ میں برکس کی مقدار مقرر کردہ حد سے کم پائی گئی جس کے بعد فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کا کہنا تھا کہ یونٹ میں صفائی کے ناقص انتظامات اور حشرات کی بھرمار پائی گئی جو صارفین کی صحت کے لیے سنگین خطرہ ہے، جعلساز معروف برانڈز کی نقل بوتلوں پر لگا کر انہیں شہر اور مضافاتی علاقوں میں ترسیل کیا جاتا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جعلی کولڈ ڈرنکس کا استعمال گردے جگر اور معدے کو شدید نقصان پہنچا سکتا ہے، ایسے افراد کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی بلا تفریق کارروائیاں جاری رکھے گی۔
