
13 May 2025
(لاہور نیوز) تھانہ ہیئر کے علاقے میں ڈاکٹر طاہر جمیل کے مبینہ اغواء کا واقعہ سامنے آ گیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران موقع پر پہنچے اور جائے وقوعہ کے تمام شواہد کا تفصیلی جائزہ لیا، انہوں نے متاثرہ خاندان سے بھی ملاقات کی اور انہیں مغوی کی جلد بحفاظت بازیابی کی یقین دہانی کرائی۔
پولیس کے مطابق 62 سالہ ڈاکٹر طاہر جمیل ڈی ایچ اے فیز 6 کے رہائشی ہیں جنہیں کلینک سے گھر جاتے ہوئے اغواء کیا گیا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور ممکنہ شواہد اکھٹے کر کے اغواء کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ مختلف پہلوؤں سے واقعے کی چھان بین کی جا رہی ہے اور ڈاکٹر طاہر جمیل کی بازیابی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔