
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے 12 مقامات پر بھارتی ڈرون بروقت گرانے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور سمیت دیگر مقامات پر ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی اور انتظامیہ، پولیس، ریسکیو سروسز اور پاک فضائیہ کی بروقت جوابی کارروائی کو سراہا، وزیراعلیٰ نے لاہور، گوجرانوالہ، چکوال، راولپنڈی، اٹک، بہاولپور اور دیگر شہروں میں پولیس، انتظامیہ اور دیگر اداروں کو ہمہ وقت الرٹ رہنے کی ہدایت بھی کر دی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈرون حملوں میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور زخمی شہریوں، افسران کے بہترین علاج کا حکم دیا، ساتھ ہی متعلقہ علاقوں میں انتظامی افسران کو زخمیوں کے علاج کی مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کمسن بچوں سمیت بے گناہ شہریوں کو شہید کر کے بھارت نے ننگی جارحیت کا ارتکاب کیا ہے، بھارت کو بے گناہ شہریوں پر حملے کا خمیازہ بھگتنا ہو گا، پوری قوم پاک فوج کے افسران اور سپاہیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا دنیا بھر میں بھارتی پائلٹ نااہلی اور ناکامی کا استعارہ بن چکے ہیں، بھارت کا غرور رافیل طیارے زمین پر ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں، شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، ایک ایک قطرے کا حساب دینا ہو گا، بھارت نے آبی ذخائر پر حملہ کر کے عالمی قوانین کی بھی واضح خلاف ورزی کی۔