
(ویب ڈیسک) محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے اساتذہ کی حاضری اور جعلی انرولمنٹ کی روک تھام کے لیے متعارف کرایا گیا مانیٹرنگ سسٹم تا حال فعال نہ ہو سکا۔
ذرائع کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن نے دو ماہ قبل سکولوں میں خصوصی کیمرے نصب کرنے کا اعلان کیا تھا جن کی مدد سے طلبا اور اساتذہ کی فیس ریکیگنیشن کے ذریعے حاضری کی تصدیق کی جانا تھی، اس منصوبے کے تحت کیمرے سکولوں کے داخلی راستوں پر نصب کیے جانے تھے تاکہ حاضری کا درست ریکارڈ مرتب کیا جا سکے۔
حکام کا کہنا تھا کہ کیمروں کی مدد سے روزانہ کی رپورٹ محکمہ کو بھیجی جائے گی، خاص طور پر شہروں سے دور سکولوں میں ایسے واقعات رپورٹ ہو رہے تھے جہاں اساتذہ اپنی جگہ مبینہ طور پر پرائیویٹ افراد کو ڈیوٹی پر مامور کر کے غیر حاضر ہوتے تھے۔
منصوبے کا پائلٹ پروجیکٹ گورنمنٹ پائلٹ سکول وحدت روڈ لاہور سے شروع کیا جانا تھا جبکہ سکولوں میں خصوصی انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا تھا، محکمہ سکول ایجوکیشن کے ترجمان کے مطابق جعلی انرولمنٹ اور اساتذہ کی مانیٹرنگ کے منصوبے پر کام جاری ہے جیسے ہی فنڈز دستیاب ہوں گے سکولوں میں کیمرے نصب کر دیے جائیں گے۔