
(لاہور نیوز) عوامی فلاح کا ایک اور منصوبہ چوری اور بدانتظامی کی نذر ہو گیا، بس سٹاپس پر لگائے گئے پنکھے چور لے اڑے، پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کابس سٹاپس پر پنکھے اور واٹر کولر کی تنصیب سے متعلق پائلٹ پراجیکٹ ناکامی سے دوچار ہونے کا خطرہ بڑھ گیا۔
بس سٹاپس پر لگائے گئے الیکٹرک واٹر کولر بھی بند پڑے ہیں تاہم 5 میں سے 4 بس سٹاپس پر منصوبہ ناکامی سے دو چار ہے، جناح ہسپتال، مال روڈ اور کینال روڈ کے بس سٹاپس سے پنکھے غائب جبکہ جیل روڈ بس سٹاپ پر کولر چل رہا ہے لیکن پنکھا غائب ہے۔
دوسری جانب صرف منہاج یونیورسٹی سٹاپ پر پنکھا اور الیکٹرک کولر فعال ہے، یاد رہے کہ پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی نے بطور پائلٹ پراجیکٹ 2 ماہ قبل منصوبہ شروع کیا تھا۔
پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد دیگر بس سٹاپس پر بھی پانی و پنکھے کی سہولت مہیا کی جانا تھی تاہم پائلٹ پراجیکٹ کی ناکامی سے منصوبے کا مستقبل کھٹائی میں پڑنے کا اندیشہ ہے۔