(ویب ڈیسک) جوہر ٹاؤن میں واقع سکول میں 15 سالہ طالبعلم یحییٰ پر کلاس فیلوز کا بہیمانہ تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے، تشدد کے نتیجے میں طالبعلم یحییٰ کا دانت اور جبڑا ٹوٹ گیا جس کی وجہ سے وہ بے ہوش ہوگیا۔
پولیس نے واقعہ کا مقدمہ زخمی طالبعلم کے والد وقاص کی مدعیت میں درج کر لیا ہے۔ مقدمے میں سکول کی پرنسپل سارہ اجمل، ایم ڈی زینب قریشی سمیت تین طالبعلموں معیز، نوفل اور سبحان کو نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق معیز،نوفل اور سبحان نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر یحییٰ کو شدید زد و کوب کیا۔ زخمی یحییٰ کو فوری طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ایف آئی آر میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سکول پرنسپل سارہ اجمل نے متاثرہ طالبعلم کے والد کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں جبکہ سکول کی ایم ڈی زینب قریشی نے نہ صرف واقعہ کو چھپانے کی کوشش کی بلکہ فیملی کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔
ایف آئی آر کے مطابق سکول انتظامیہ نے زبردستی صلح پر زور دیا اور متاثرہ خاندان کو ڈرا دھمکا کر معاملے کو دبانے کی کوشش کی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔
