(لاہور نیوز) ٹی وی، سٹیج اور فلم کے لیجنڈ مزاحیہ اداکار معین اختر کو مداحوں سے بچھڑے 14 برس بیت گئے۔
معین اختر نے برجستہ جملوں اور شائستگی سے چہروں پر مسکراہٹیں بکھریں، کروڑوں دلوں پر راج کیا، کامیڈی، اداکاری، کمپیئرنگ سمیت فنون لطیفہ کی ہر فیلڈ میں لوہا منوایا، آنگن ٹیڑھا، ہاف پلیٹ، عید ٹرین ان کے بہترین ڈراموں میں شامل ہیں۔
سٹیج شوز بکرا قسطوں پر اور بڈھا گھر پر ہے نے مقبولیت کے ریکارڈ توڑ دیئے، معین اختر نے بطور فلم ہدایتکار، پروڈیوسر، گلوکار اور مصنف بھی اپنی دھاک بٹھائی۔
معین اختر 22 اپریل 2011 کو حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے تھے، ساتھی فنکاروں کے مطابق پاکستان کی ثقافت کو ڈراموں اور شوز کے ذریعے معین اختر نے جس طرح سے متعارف کروایا کوئی دوسرا شاید ہی یہ کام اس خوبی سے کر سکے۔
معین اختر کی فنکارانہ خدمات کے اعتراف میں انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی اور ستارہ امتیاز سمیت کئی اہم قومی اور بین الاقوامی ایوارڈز سے نوازا جا چکا ہے۔
