
(لاہور نیوز) صوبائی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کچھ دنوں میں ایک اور خوشخبری دیں گے۔
صوبائی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا اب پاکستان میں خوشخبریوں کا موسم شروع ہو گیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا، گھریلو اور صنعتی صارفین کیلئے قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا گیا، بجلی کی قیمتوں میں کمی پر وزیراعظم اور ان کی ٹیم مبارکباد کے مستحق ہیں۔
انہوں نے کہا رمضان سہولت بازار میں ایک ارب 11 کروڑ روپے کی بچت اور 3 ارب روپے سے زائد کی خریداری ہوئی ہے، آج سے پہلے کسی رمضان بازار میں ایسی خریداری اور بچت نہیں ہوئی، ملک درست سمت میں گامزن ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا یہ ریلیف اوپن مارکیٹ سے زائد تھا، یہ مریم نواز کی حکومت کا ریکارڈ ہے، اگست تک 13 مزید سہولت بازار بنیں گے، ان بازاروں کو سولر پر منتقل کیا جائے گا، سولر پر منتقلی کیلئے 69 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں، سہولت آن گو پروگرام کا لاہور میں 14 مقامات پر پائلٹ پروجیکٹ شروع کیا جائے گا، پنجاب حکومت ہسپتالوں میں مفت ادویات فراہم کر رہی ہے، ہر ہسپتال میں ایک کمپلینٹ کاؤنٹر قائم کیا گیا ہے، ستھرا پنجاب پروگرام بھی کامیابی سے جاری ہے۔
صوبائی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا خیبرپختونخوا میں کرپشن کی داستانیں ہیں، یہ ایک دوسرے پر کرپشن کے الزامات لگا رہے ہیں، علی امین گنڈاپور نے اپنے 10 کروڑ روپے کے اثاثے ظاہر کئے، 2 کروڑ 80 لاکھ روپے کے ہینڈ گلوز خریدے گئے جن کا کوئی ریکارڈ نہیں، انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں سرجری کیلئے استعمال ہونے والے ہینڈ گلوز نہیں، یہ ہر طریقے سے پیسہ کھانے کی کوشش کرتے ہیں،
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ کے پی میں گندم کی مد میں بھی کرپشن کی گئی، چترال میں جنگلات کے منصوبے کے حوالے سے خزانے کو 866 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا گیا، یہ تو پارٹی فنڈ کھانے کے بھی مجرم ہیں، کوئی ان کو پوچھنے کو تیار نہیں ہے، ان کے اپنے وزیر نے کہا کہ علی امین گنڈاپور چور ہیں۔
صوبائی وزیراطلاعات کا مزید کہنا تھا سیلاب کے دنوں میں پانی ضائع ہوتا ہے، پیپلز پارٹی کے ساتھ پانی کے مسئلے پر کوئی لڑائی نہیں، پیپلز پارٹی ہماری اتحادی جماعت ہے، کینالز کے معاملے پر صرف سیاست کی جا رہی ہے، پانی کے معاملے پر سیاست کرنا باعث تکلیف ہے۔