
(لاہور نیوز) امریکا نے ٹیرف جنگ کو دنیا بھر میں پھیلا دیا، 25 ممالک پر جوابی ٹیرف لگا دیا۔
امریکی صدر نے پاکستان پر 29 فیصد جوابی ٹیرف لگانے کا اعلان کیا اور کہا کہ پاکستان ہم سے 58 فیصد ٹیرف چارج کرتا ہے، امریکا بھارت پر 26، چین پر 34، یورپی یونین پر 20 فیصد ٹیرف عائد کرے گا، سعودی عرب، قطر اور افغانستان پر دس، دس فیصد ٹیرف عائد ہو گا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بنگلادیش پر 37، جاپان پر 24، اسرائیل پر 17 اور برطانیہ پر 10 فیصد ٹیرف عائد کریں گے، گاڑیوں کی درآمد پر 25 فیصد اضافی ٹیکس عائد کریں گے، جوابی ٹیرف کا نفاذ امریکا کیلئے اچھا ہو گا، دوسرے ممالک کے ٹیرف سے امریکا کو نقصان پہنچا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ آج ہماری اقتصادی آزادی کا دن ہے، محصولات سے حاصل رقم کو اپنے ٹیکسوں کو کم کرنے کیلئے استعمال کریں گے، برسوں امریکی شہریوں کو سائیڈ لائن رکھا گیا، دوسرے قومیں طاقتور بن گئیں۔
امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ اب امریکا کی خوشحالی کی باری ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جوابی ٹیرف کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط بھی کر دیئے۔