کرایوں میں اوور چارجنگ: محکمہ ٹرانسپورٹ کا گرینڈ آپریشن، لاکھوں روپے جرمانہ

(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے حکم پر صوبہ بھر میں انتظامیہ، پولیس سمیت محکمہ ٹرانسپورٹ نے کارروائی کرتے ہوئے ٹرانسپورٹ کرایوں میں اوور چارجنگ کیخلاف گرینڈ آپریشن کیا اور مسافروں کو زائد وصول کئے جانے والے کرائے واپس کروائے۔
لاہور سمیت پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں محکمہ ٹرانسپورٹ کا اوورچارجنگ گرینڈ آپریشن جاری ہے، آپریشن کےدوران مسافروں کو 11 لاکھ روپے واپس دلائے گئے، اوورچارجنگ کرنے والے ٹرانسپورٹرز کو 23 لاکھ سے زائد جرمانے بھی عائد کیے گئے۔
1333سے زائد گاڑیوں کے اوورچارجنگ ثابت ہونے پر چالان کیا گیا، کرایوں میں اوورچارجنگ کرنے پر 264 گاڑیاں بند کر دی گئیں جبکہ کرایوں میں اوورچارجنگ کی مد میں ناجائز طور پر وصول کردہ رقم واپس ملنے پر مسافر حیران ہو گئے، اوورچارجنگ کی رقم واپس ملنے پر بزرگ خواتین مسافروں نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کو دعائیں دیں۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر مسافروں کیلئے خصوصی ہیلپ لائن 99030222 042 بھی قائم کر دیا گیا ہے، دوسری جانب محکمہ ٹرانسپورٹ کے ملازمین او رافسران کی عید چھٹیاں منسوخ اور ان کی فیلڈ میں ڈیوٹی لگا دی گئی ہیں جبکہ عید کے ایام میں محکمہ ٹرانسپورٹ کا سپیشل سکواڈ بڑے بس سٹینڈ پر موجود رہے گا۔
وزیراعلیٰ نے کارروائی پر ڈپٹی کمشنرز، پولیس اور روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے افسروں و سٹاف کو شاباش دی اور عوام سے اپیل کی کہ صرف مقررہ کرایہ ہی ادا کریں۔