
(لاہور نیوز) جنگلات کے عالمی دن پر صوبہ پنجاب میں 15 ملین درخت لگانے کا ہدف مقرر کر دیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر 21 مارچ (بروز جمعہ) سے صوبہ بھر میں میگا شجر کاری مہم شروع کی جا رہی ہے، اس مہم کے تحت 15 ملین درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، مانیٹرنگ یقینی بنانے کیلئے ہر پودے کی جیو ٹیگنگ بھی کی جائے گی۔
حکومت پنجاب نے مساجد، درباروں اور بھٹوں کے گرد "گرین زون" بنانے کا فیصلہ کیا ہے، اس کیلئے 12 ہزار مقامات کا انتخاب کر لیا گیا ہے، نجی و سرکاری یونیورسٹیاں، ہاؤسنگ سوسائٹیاں، سرکاری دفاتر اور اراضی پر بھی بڑے پیمانے پر شجرکاری کی جائے گی، وزیراعلیٰ مریم نواز نے علماء کرام، اساتذہ، طلبہ ، وکلا، ڈاکٹرز، کسان، مزدور، میڈیا اور دیگر سماجی و کاروباری حلقوں سے قومی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔
حکومت نے "پلانٹ فار پاکستان" مہم کے تحت عوام میں مفت پودے تقسیم کرنے کا آغاز کر دیا ہے، لاہور کے ماحولیاتی تحفظ کیلئے "لنگز آف لاہور" اور "رنگ آف لاہور"منصوبے کے تحت خصوصی درخت لگانے کی مہم بھی شروع کی جا رہی ہے۔
شجرکاری مہم کی مؤثر نگرانی کیلئے خصوصی ڈیش بورڈ قائم کیا گیا ہے جس کی براہ راست نگرانی وزیراعلیٰ مریم نواز خود کریں گی۔