
(لاہور نیوز) عید پر مسافروں کے ممکنہ رش کے باعث محکمہ ریلوے نے چار سپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کر لیا۔
عید الفطر پر پردیسیوں کی اپنے آبائی علاقوں میں جانے کی تیاریاں جاری ہیں، ریلوے انتظامیہ نے سپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کر لیا، 3 ٹرینیں عید سے پہلے چلائی جائیں گی اور 1 عید کے تیسرے روز چلائی جائے گی۔
پہلی عید سپیشل ٹرین لاہور سے کراچی کے درمیان چلے گی، دوسری راولپنڈی سے کراچی اور تیسری سپیشل ٹرین کوئٹہ سے پشاور کے درمیان چلے گی، چوتھی سپیشل ٹرین عید کے تیسرے روز کراچی سے لاہور کے لئے روانہ ہو گی۔
مسافروں کا کہنا ہے ہر پردیسی کی خواہش ہوتی ہے کہ عید کا تہوار اپنے پیاروں کے ساتھ گزارے مگر رش اس قدر ہوتا ہے کہ آبائی علاقوں میں جانا وبال جان بن جاتا ہے، سپیشل ٹرینیں چلانے سے مسافروں کو ریلیف ملے گا۔
ریلوے ذرائع کے مطابق عید پر رش کے پیش نظر پہلے سے چلنے والی ٹرینوں کے ساتھ اضافی کوچز بھی لگانے پر غور کیا جا رہا ہے۔