
(لاہور نیوز) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ جعفر ایکسپریس حملے کے دوران بھی پی ٹی آئی نے سیاست کی۔
دنیا نیوز کے پروگرام’’ٹونائٹ ود ثمر عباس‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چاہتی ہے کسی طرح این آر او مل جائے۔
انہوں نے کہا کہ جعفر ایکسپریس حملے کے دوران بھی پی ٹی آئی نے سیاست کی، پارلیمنٹ کے اندر موجود جماعتوں کو اے پی سی میں بلایا جائےگا، اے پی سی سے متعلق ہوم ورک جاری ہے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے دہشت گردی سے متعلق بھی سیاسی بیانیہ بنایا ہے، پی ٹی آئی نے لابنگ کر کے بھی پاکستان پر پابندیاں لگوانے کی کوشش کی، وزارت داخلہ بالکل فعال ہے، 2013 سے 2018 کے دوران بھی دہشت گردی کے یہی حالات تھے۔
طلال چودھری کا مزید کہنا تھا کہ اتفاق رائے سے پھر نیشنل ایکش پلان بنایا گیا تھا، تحریک انصاف نے کافی کچھ کر کے دیکھ لیا نیتجہ صفر ہی نکلے گا، اب بھی احتجاج کرنا ہےتو کر کے دیکھ لیں۔