(لاہور نیوز) سکول سربراہان کا کہنا ہے عملی امتحان کیلئے فی سکول 20 کمپیوٹرز کی شرط پوری نہیں کر سکتے۔
میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات میں امتحانی سینٹرز بنانے کا معاملہ التوا میں پڑنے کا خدشہ پیدا ہو گیا، لاہور بورڈ کی ہدایات کے سامنے سکول سربراہان نے ہاتھ کھڑے کر دیئے۔
بورڈ نے عملی امتحان کے لئے فی سکول 20 کمپیوٹرز کی شرط رکھی ہے، لاہور ڈویژن کے کسی ایک سکول میں بھی 20 کمپیوٹرز نہیں ہیں، ہائی سکولوں میں زیادہ سے زیادہ چار کمپیوٹرز موجود ہیں۔
2010 ء کے بعد سے کمپیوٹر لیبز اپ گریڈ نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جن سکولوں میں کمپیوٹر لیبز ہیں وہ بھی مکمل فعال نہیں، سکول سربراہان نے لاہور بورڈ کی کمپیوٹر لیبز کے حوالے سے ڈیمانڈ غیر حقیقی قرار دے دی اور کہا تعلیمی بورڈ کمپیوٹر لیب بنانے کے لئے فنڈز فراہم کرے یا کمپیوٹرز ادھار لے کر دے۔
یاد رہے ہر سال لاہور ڈویژن میں سات سو کے قریب امتحانی سینٹرز قائم کئے جاتے ہیں۔
