(لاہور نیوز) ماہ صیام سے قبل ہی عوام کی جیبوں پر چھریاں چلنے لگیں۔
دنیا بھر کے برعکس وطن عزیز میں ماہ صیام سے قبل مہنگائی کے چرچے ہونے لگے، اشیائے خورونوش کے دام میں تیزی کا سلسلہ مزید تیز ہو گیا۔
دکانداروں اور گھی کمپنیوں کی ملی بھگت سے گھی کی قیمتوں میں دوسرا اضافہ کر دیا گیا، درجہ دوم گھی کی قیمت 10 روپے فی کلو بڑھا دی گئی، مختلف برانڈز کے گھی 550 روپے سے بڑھ کر 560 روپے کلو کر دیئے گئے۔
مہنگائی کے ستائے شہریوں کا کہنا ہے کوکنگ آئل اور گھی کی قیمت کچھ روز کے دوران دو بار بڑھائی گئی ہے لیکن انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں، حکومت مہنگائی میں کمی کا کہہ رہی ہے جبکہ صورت حال اس کے برعکس ہے۔
کریانہ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے صدر طاہر ثقلین بٹ کا کہنا ہے انتظامیہ گھی کی قیمت پر چیک اینڈ بیلنس رکھے، چند روز کے دوران گھی کی قیمت میں دو بار اضافہ ہو چکا ہے، اس سے قبل بھی درجہ دوم گھی 10 روپے کلو مہنگا ہوا تھا۔
