(لاہور نیوز)رہنما تحریک انصاف حامد خان نے کہا ہے کہ 26ویں ترمیم نے آئین کو مسخ کر دیا ہے۔
دنیا نیوز کے پروگرام’’دنیا مہر بخاری کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے حامد خان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف وفد دیکھ رہا ہے عدالتی نظام کا کیا حال ہے، 26ویں ترمیم نےآئین کومسخ کردیا ہے جبکہ وکلاء تحریک سے پی ٹی آئی کا تعلق نہیں ہے، میں بطوروکیل وکلا موومنٹ میں شریک ہوا، تحریک کامیابی سے جاری ہے۔
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد بڑھانا نامناسب ہے، سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد 17 بالکل ٹھیک تھی، رات کے اندھیرے میں اس طرح کی قانون سازی کی جا رہی ہے، ججز کی تعداد بارے وکلا تنظیموں سے بھی مشاورت نہیں کی گئی۔
حامد خان نے کہا کہ ایک ادارہ عدلیہ رہ گیا تھا جسے برباد کیا جا رہا ہے جو کچھ ہو رہا ہے عدالتی نظام کو تباہ و برباد کیا جا رہا ہے، 26ویں ترمیم سےپہلے والا فل کورٹ ہمارا مطالبہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی ساری لیڈرشپ جیل کے اندر ہے، ہم عدلیہ کو آزاد دیکھنا چاہتے ہیں جبکہ بانی پی ٹی آئی خط کے ذریعے کوئی مدد نہیں مانگ رہے اپنا پوائنٹ آف ویو پیش کر رہے ہیں۔
