(لاہور نیوز) ماضی کی معروف اداکارہ روحی بانو کو دنیا سے رخصت ہوئے 6 برس بیت گئے۔
اداکارہ روحی بانو 10 اگست 1951ء کو کراچی میں پیدا ہوئیں، وہ ٹی وی اور فلم کے چند ان فنکاروں میں شامل تھیں جو تعلیم یافتہ تھے، انہوں نے نفسیات میں ایم اے کر رکھا تھا۔
روحی بانو نے ڈراموں میں کام کیا تو کمال کیا، ان کے مشہور ڈراموں میں کرن کہانی، زرد گلاب ، ایک محبت سو افسانے اور دروازہ شامل ہیں، انہوں نے فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے، ’دلہن ایک رات کی،‘ ’بڑا آدمی،‘ ’دل ایک کھلونا‘ جیسی یادگار فلموں میں کام کیا۔
روحی بانو کو 1981ء میں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا، انہیں نگار ایوارڈ بھی ملا۔
اداکارہ نے اپنی زندگی کے آخری ایام میں بہت تکلیفیں جھیلیں، ازدواجی زندگی میں بے سکونی اور اکلوتے بیٹے کے قتل کے بعد گویا زندگی کی تمام رعنائیاں ان سے چھن گئیں، تکلیفیں اتنی بڑھیں کہ لاہور کا نفسیاتی ہسپتال فاؤنٹین ہاؤس ان کا مسکن بن گیا۔
اداکارہ روحی بانو گردوں کے عارضہ کے سبب استنبول کے ایک ہسپتال میں زیر علاج رہیں جہاں وہ 25 جنوری 2019ء کو انتقال کر گئیں۔
