(لاہور نیوز) چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں کرسمس کے موقع پر رہائش پذیر مسیحی بچوں کے لئے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کی جانب سے تقریب کا انعقاد کیا گیا، چیئرپرسن سارہ احمد نے بیورو میں مقیم مسیحی بچوں کے ساتھ کرسمس کا کیک کاٹا، انہوں نے کرسمس کے موقع پر بچوں میں تحائف تقسیم کرکے بچوں کی خوشیوں کو دوبالا کیا۔
اس موقع پر چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کا کہنا تھا کرسمس کے اس پرمسرت موقع پر ہم مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتے ہیں، کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں، مسیحی بچوں کی خوشیوں کا خیال رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، بیورو میں تمام بچوں کے ساتھ مسیحی بچوں کا بھی خصوصی خیال رکھا جاتا ہے، حکومت مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کی فلاح وبہبود کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل چائلڈ پروٹیکشن بیورو آفتاب احمد خان، ڈائریکٹر پروگرام حسنین خالد اور دیگر افسران سمیت مسیحی سٹاف بھی موجود تھا۔