(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے قصور کے شہید اے ایس آئی محمد اکرم کے اہل خانہ کو 01 کروڑ 75 لاکھ روپے مالیت کا گھر دے دیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی طرف سے پولیس شہدا کے اہلخانہ کو گھروں کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے، ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے شہید اے ایس آئی محمد اکرم کے اہلخانہ کو انکی پسند کے مطابق نجی ہاؤسنگ سوسائٹی (بیرون جدید اربن گلبرگ کالونی قصور) میں گھر خرید کر فراہم کیا۔
اے ایس آئی محمد اکرم نے رواں سال مارچ میں ریڈ کے دوران جرائم پیشہ افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں جام شہادت نوش کیا، شہید کے لواحقین میں اہلیہ اور 04 بیٹے شامل ہیں، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی خصوصی کاوش پر حکومت پنجاب نے شہید کے اہلخانہ کے گھر کیلئے فنڈز جاری کئے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اے ایس آئی محمد اکرم شہید کی لازوال قربانی کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا شہید اے ایس آئی محمد اکرم نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے دوران جام شہادت نوش کیا، پنجاب پولیس اپنے بہادر شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، پنجاب پولیس اے ایس آئی محمد اکرم شہید جیسے 1650 سے زائد بہادر شہدا کی امین فورس ہے۔