
(لاہور نیوز) پولیس اور ڈولفن اہلکاروں کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران اشتہاری اور ڈکیتی میں ملوث ملزم گرفتار کر لیے گئے۔
تھانہ ساندہ لاہور کے انچارج انویسٹی گیشن حسن زاہد نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کے دوران فنانشل کرائم کے مقدمات میں مطلوب 4 اشتہاریوں کو گرفتار کیا، پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں محمد آصف، محمد صدیق، محمد راشد ،اشتیاق اشفاق شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزم محمد آصف نے شہری عبدالقیوم کو 1 کروڑ 30 لاکھ جبکہ ملزم محمد صدیق نے شہری سلطان لال خان کو 15 لاکھ کے بوگس چیک دیئےتھے، ملزم محمد راشد نے شہری ذوالکیف کو 20 لاکھ کے بوگس چیک دیئے تھے جبکہ ملزم اشتیاق اشفاق نے شہری عدیل رشید کو 10لاکھ کے بوگس چیک دیئے تھے۔
ڈولفن ٹیم نے خاتون سے موبائل چھیننے والے دو ملزموں میں سے ایک کو گرفتار کر لیا، ترجمان ڈولفن کا کہنا ہے کہ ملزم خاتون سے قیمتی موبائل چھین کر فرار ہو رہے تھے، ڈولفن ٹیم نے تعاقب کے بعد حفیظ سینٹر سے 1 ملزم کو دھر لیا، جبکہ ساتھی فرار ہو گیا۔
ترجمان ڈولفن نے بتایا کہ ریکارڈ یافتہ ملزم حفیظ سے فون برآمد ہوا، جسے مزید کارروائی کیلئے تھانہ گلبرگ کے حوالے کر دیا گیا، ای ٹی او دانیال لنگڑیال کے حکم پر انسپکٹر قمرشاہ کی سربراہی میں کارروائی کی گئی، کارروائی کے دوران 6 ملزمان کے قبضے سے نو ڈرم شراب برآمد ہوئے جن میں 1800 لیٹر شراب موجود تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملزمان نے کرسمس کے موقع پر شہر کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرنا تھی، جعلی شراب کی روک تھام کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں، پولیس کے مطابق گرفتار ملزموں میں زوہیب اور اس کا ساتھی شہزاد شامل ہیں، ملزمان کو واردات کے بعد فرار ہوتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔