(لاہور نیوز) قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت آج 11 بجے ہو گا، اجلاس کا 60 نکاتی طویل ایجنڈا جاری کر دیا گیا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں نرسنگ کونسل کی جانب سے نئے داخلوں کے اجراء میں ایک سال کی تاخیر پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا جائے گا، سید خورشید شاہ ریگولرائزڈ سول سرونٹس اور سرکاری ملازمین کے حقوق کے تحفظ کا بل پیش کریں گے، پاکستان پینل کوڈ ، کوڈ آف سول پروسیجر اور کوڈ آف کریمنل پروسیجر کی مختلف شقوں میں ترامیم کے مختلف بلز پیش ہوں گے۔
اجلاس میں شرمیلا فاروقی تیزاب کے حملوں سے بچاؤ اور متاثرین کے تحفظ کا بل پیش کریں گی، آسیہ ناز تنولی پیمرا آرڈیننس 2002 میں ترمیم کا بل ایوان میں پیش کریں گی، مختلف تعلیمی اداروں کے قیام کے بلز بھی ایجنڈے میں شامل ہیں، عبد القادر پٹیل فارمیسی ایکٹ 1967 میں ترمیم کا بل پیش کریں گے، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ملازمین ایکٹ 2018 میں ترمیم کا بل منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ملازمین ترمیمی بل 2024 حکومتی اراکین کی جانب سے پیش کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں اجلاس میں عالیہ کامران اینیمل سائنس کونسل بل 2024 منظوری کے لئے پیش کریں گی، مختلف بلز پر متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹس پیش کی جائیں گی، شاہدہ رحمانی قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط اور طریقہ کار میں مختلف ترامیم پیش کریں گی، بڑھتے پولیو کیسز میں کمی کے لئے اقدامات پر قرارداد بھی پیش کی جائے گی، قاعدہ 259 کے تحت مختلف اہم نوعیت کے معاملات پر بحث کی تحاریک پیش ہوں گی۔