(لاہور نیوز) محکمہ موسمیات نے آج 8 دسمبر سے لاہور سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں تیز ہواؤں کیساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آج 8 دسمبر سے ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی لہر متوقع ہے، اسلام آباد اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، لاہور اور فیصل آباد میں گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے۔
مری، گلیات اور گردونواح میں ہلکی سے درمیانی بارش اور برفباری کی پیشگوئی ہے جبکہ چترال، دیر، سوات اور مالاکنڈ میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد رہے گا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کے اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ روز سب سے کم درجہ حرارت لہہ میں منفی 10 اور سکردو میں منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 7 جبکہ زیادہ سے زیادہ 17 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، شہر لاہور میں ہوا کی رفتار 14 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد تک جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور پاکستان میں آج پھر دوسرے نمبر پر آ گیا، شہر میں سموگ کی اوسط شرح 190 تک جا پہنچی۔