(لاہور نیوز) سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 2 مختلف آپریشنز کے دوران فتنہ الخوارج کے 8 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر آپریشن کیا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہو گیا، اس دوران فورسز نے خوارج کے سرغنہ خان محمد عرف خورئے سمیت 2 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا جبکہ دو کو گرفتار کر لیا۔
ہلاک دہشت گرد خان محمد سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کیخلاف کارروائیوں میں ملوث اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا، خان محمد سر کی قیمت 10 لاکھ روپے مقرر تھی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دوسری کارروائی لکی مروت میں کی جہاں فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد 6 خوارج دہشتگردوں ہلاک کر دیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں کسی بھی دہشتگرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا جا رہا ہے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔