(لاہور نیوز) سینیٹرفیصل واوڈا نے کہا ہے کہ حکومت تاثر دے رہی پٹھانوں کے ساتھ جو ہو رہا ہے ریاست کر رہی ہے۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’’آن دی فرنٹ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا یہ ظلم کی بات ہے، پٹھان بھی اتنے ہی پاکستانی جتنے سندھی، پنجابی، بلوچی ہیں، تحریک انصاف کی لڑائی ریاست کےساتھ ہے، حکومت اس حوالےسے جھوٹ بول رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے 245 کے تحت احتجاج کے دوران فوج کو بلایا، یہ جتنی بھی شکلیں بیٹھی ہوئی ہیں ایکسپائر، لنڈے کی کھیپ ہے، پاکستان اس وقت سب سےسستے دور سے گزر رہا ہے، احتجاج کے دوران تین رینجرز اہلکار شہید ہوئے، حکومت ان کا بھی دفاع نہیں کرپا رہی ہے۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ اگر بانی پی ٹی آئی قابل قبول نہیں تو(ن)لیگ بھی نہیں، اگر مجھ سےمشورہ مانگا گیا تو دو طلاقیں دینے کا کہوں گا، ایک مسلم لیگ (ن) اور بانی پی ٹی آئی کو، انہوں نے کہا کہ حکومت کو کسی اور سے نہیں خود سےخطرہ ہے، حکومت کا بوجھ ہی انہیں لے ڈوبے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ معاشی بہتری کا کریڈٹ حکومت نہیں ایس آئی ایف سی کو جاتا ہے، الیکشن کے دن سے آج بھی اپنے تجزیے پر قائم ہوں، اسٹیبلشمنٹ نے پہلے نہ آج بانی سے رابطہ کیا ہے، پی ٹی آئی کو برباد کرنے کیلئے بشریٰ بی بی کافی ہیں، نئےچہروں کو لانےکی ضرورت ہے، نئےچہروں میں بلاول بھٹو آتے ہیں۔